سپورٹس

کرکٹ بورڈ کی غلط پالیسیاں کرکٹ کا زوال؟؟؟

کُج شہر دے لوگ وی ظالم سَن

کُج سانوں مرن دا شوق وی سی

کچھ ہمارے بورڈ کی ڈھیلی پالیسیاں، جی حضوری اور کمزوری، کچھ عالمی منظر نامے میں ہماری اجتماعی بے قدری کی وجہ سے پاکستان کو ڈی ویلیو کرنے کا سلسلہ جاری ہے،

 (اس سلسلے میں ہم عوام کا بھی کردار ہے کہ ہر جگہ، ہر مقام پر پاکستان کی بابت منفی باتیں پھیلنے دیتے ہیں، کم از کم اس اگست میں تو یہ تہیہ کر لینا چاہیے کہ آج کے بعد اس سبز ہلالی پرچم کی عظمت کیلیے صرف پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کو دکھائیں گے)

 یادش بخیر کہ کسی اللہ والے نے کہا تھا کہ اب گرین پاسپورٹ کی ہر طرف عزت ہوا کرے گی لیکن زمینی حقائق بہرحال اس کے برعکس ہیں، باقی شعبے تو چھوڑیں کم از کم سپورٹس سے متعلق تو انقلاب آ جانا چاہیے تھا کیونکہ ہمارے وزیراعظم بھی اسی وجہ سے مقبول و معروف ہوئے مگر وا حسرتاہ کہ بسا آرزوئے خاک شد۔

اطلاعات کچھ یہ ہیں کہ نیوزی لینڈ کے ٹاپ کھلاڑی کین ولیمسن، ٹرینٹ بولٹ، لوکی فرگوسن اور سارا دن ٹویٹر پر آوارہ گردی کرنے والا جمی نیشم دورہء پاکستان پر ٹیم کے ہمراہ نہیں ہوں گے، انہوں نے اس دوران کورونا وائرس کی وجہ سے تعطل کا شکار ہونے والی آئی پی ایل کھیلنی ہے جس کے بقیہ میچز امارات کے صحراؤں میں کھیلے جائیں گے۔ ان کی بابت جو دل نرم ہوا تھا اور سپورٹس مین شپ جو مشہور تھی ہ اب ہوا ہو گئی۔

اگر ہم بھولیں نا ہوں تو یاد ہونا چاہیے کہ وبا کے عروج کے دوران پاکستان نے دورہ نیوزی لینڈ کیا اور کافی سخت مشکلات کے باوجود میچز کھیلے مگر صلہ یہ ملا کہ ہم آج بھی تہی دامن و تہی دست ہیں ۔

کیا ہماری عوام کا جی نہیں چاہتا کہ انٹرنیشنل ہیروز کو اپنے ہوم گراؤنڈز میں کھیلتا دیکھیں؟ کیا اس پر پی سی بی اپنا ردِ عمل دے گا؟

#صرف_اسی_پر_موقوف نہیں بلکہ بھارت نے بھی کشمیر پریمیر لیگ میں شرکت کرنے والے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو بھارت میں داخل ہونے سے ہی منع کر دیا کہ اگر اس لیگ میں حصہ لیا تو آئندہ کسی کرکٹ سرگرمی کیلیے بھارت نہیں آ سکیں گے۔ اس پر اگرچہ کافی لے دے ہو رہی ہے مگر یہ مان لینا چاہئے کہ پی سی بی یہاں بھی سستی دکھا رہا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہیے کہ ڈنکے کی چوٹ پر کشمیر لیگ کا دفاع کرے، ہر حال میں اسے کامیاب کروائے اور اپنا قد کاٹھ، تعلق اور روابط اتبے مضبوط بنائے کہ اگر اس قسم کا کوئی بھی مقدمہ کرکٹ کی عالمی تنظیم میں جاتا ہے تو پاکستان کے موقف کے حامی وہاں موجود ہوں ۔

@sajidusmani01

اپنے خیالات کا اظہار کریں